’عمران صاحب !23 خفیہ فارن اکاونٹس کے لئے پیش ہوں‘
11:00 AM, 7 Jun, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب الیکشن کمشن میں پکڑے جانے والے 23 خفیہ فارن اکاونٹس کے لئے پیش ہوں ٗ یہ لکھیں کہ آئندہ منتخب وزیراعظم کو جعلی الزامات پر نااہل نہیں کرایا جائے گا ٗ یہ بھی لکھیں کہ منتخب وزیراعظم کو اس کی بیٹی کے ہمراہ جھوٹے مقدمات پر جیل میں قید نہیں کریں گے ٗ یہ بھی لکھیں کہ الیکشن کے بعد پوری اپوزیشن کو کال کوٹھڑیوں میں قید نہیں کریں گے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشن کا عملہ چوری کرنے والے الیکشن کمشن کو بریفنگ دینے گئے، واہ واہ ٗ 2018 کے الیکشن چور اب الیکڑانگ مشین کی آڑ میں اگلے الیکشن کی چوری اور دُھند کا منصوبہ بنا رہے ہیں ٗ عمران صاحب الیکڑانک ووٹنگ مشین کے لئے نہیں، فارن فنڈنگ کیس میں جواب کے لئے پیش ہوں ۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی لکھیں کہ ایک پارٹی کے لئے تمام پارٹیوں کے امیدواروں کو لوٹا نہیں بنایا جائے گا ٗ یہ بھی لکھیں کہ قوم پر سلیکٹڈ اور اقلیتی جماعت کو آئندہ مسلط نہیں کیاجائے گا ٗ اپوزیشن الیکشن چوروں کے ساتھ انتخابی اصلاحات کے لئے نہیں بیٹھے گی ٗ جو قانون سازی آرڈیننس کی فیکٹری لگا کر ایوان کو بائی پاس کرکے کی جائے گی، اسے اپوزیشن مسترد کرتی ہے۔