پبلک نیوز: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ازبکستان، کیوبا، ویتنام، بلغاریہ اور ارجنٹینا کے نامزد سفراء کی جانب سے اسناد پیش کی گئیں۔ نامزد سفراء کی ایوانِ صدر میں خصوصی تقریب اسناد کے بعد علیحدہ علیحدہ صدر مملکت سے مُلاقات ہوئی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تمام دوست ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ باہمی فوائد کے لئے سیاسی، معاشی اور ثقافتی سطح پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اُمید ہے کہ نامزد سفراء پاکستان کے ساتھ سیاسی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کو درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے دوست ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستانی معیشت کورونا کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔ دنیا پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جغرافیائی سیاست کی بجائے جغرافیائی اقتصادیات پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ پاکستان علاقائی روابط اور معاشی انضمام پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کو انسانی حقوق کی پامالیوں سے روکنے کے لئے فعال کردار ادا کرے۔ عالمی برادری بھارت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کیلئے دباؤ ڈالے۔