ویب ڈیسک: مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں سالگرہ کی تقریب ہوئی جس میں جنگلی چیتے نے حملہ کر کے4 سالہ بچی کو مار ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں سالگرہ کی تقریب ہو رہی تھی جس میں جنگلی چیتے نے حملہ کردیا اور 4 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ بچی اپنے بھائی کی سالگرہ کی تقریب میں شریک تھی۔
یہ خوفناک واقعہ مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں پیش آیا جہاں بچی باغ میں گھوم رہی تھی اور جنگلی چیتا اسے گھسیٹ کر لے گیا۔ لڑکی جس کا نام ادا بتایا جارہا ہے اپنا باربی لباس اور تاج پہنے ہوئے تھی اور تمام گھر والوں کو اپنے بھائی علی کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے لئے بلا رہی تھی۔اور کچھ وقت بعد بچی غائب ہوگئی جس پر اہل خانہ نے گھنٹوں تلاش کی لیکن بچی نا ملی اور اگلے روز لڑکی کے جسم کے اعضاء قریبی جنگل میں پائے گئے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے جنگلی حیات کے عہدیداروں کو کئی بار اطلاع دی ہے کہ مقامی علاقے میں کچھ چیتے نظر آئے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔