'سکھ فوجی پنجاب کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرائیں'
04:46 AM, 7 Jun, 2022
سکھوں کی عالمی تنظیم سکھز فار جسٹس ( ایس ایف جے) نے سکھ فوجیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی پنجاب کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرانے کے لئے خالصتان ریفرنڈم کی مکمل حمایت کریں۔ تنظیم نے یہ مطالبہ آپریشن بلیو سٹار کے 38 ویں سال کے موقع پر کیا ہے۔ تنظیم نے بھارتی سکھ فوجیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی اور بھارتی سرحدوں کا دفاع کرنے سے باز رہیں۔ ایس ایف جے کے جنرل کونسلر گرپتونت سنگھ پنن نے اپنے ویڈیو پیغام میں بھارتی فوج میں شامل سکھ فوجیوں سے کہا ہے کہ سرحدوں کا دفاع بند کرو اور سری اکال تخت صاحب میں دعا میں شامل ہوں تاکہ “ خالصتان ریفرنڈم” کے ذریعہ بھارتی پنجاب کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرایا جا سکے۔ اے پی پی کے مطابق تنظیم نے بھارتی سکھ فوجیوں سے کہا کہ وہ فوج چھوڑکر خالصتان ریفرنڈم میں شامل ہوں۔ سکھوں کی عالمی تنظیم نے ان سکھوں کی یاد میں سلامی پیش کی جوسکھوں کے مقدس مقام دربار صاحب پر بھارتی فوج کے حملہ آپریشن بلیوسٹار کا بدلہ لینے کے لئے بھارتی فوج سے لڑے، جن میں سکھ رجمنٹل سینٹر، رام گڑھ، بہار، 18 سکھ جموں،گناگ نگر، راجستھان میں 9 ویں سکھ، پونے، مہاراشٹرا میں 14 ویں پنجاب اور الور، راجستھان میں 171 فیلڈ رجمنٹ کے سکھ فوجی شامل ہیں. تنظیم نے خالصتان نواز سکھ فوجیوں کی طرف سے جون 1984 کی بغاوت یاد دلائی جس میں بھارتی بریگیڈیئر آر ایس پوری کو دربار صاحب پر بھارتی فوج کے حملہ کے جواب میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، ایس ایف جے کے جنرل کونسلر نے سکھ فوجیوں سے کہا کہ وہ بھارتی پنجاب کو آزاد کرانے اور سکھوں کے وطن خالصتان کے قیام کے لیے بھارت کے خلاف آخری جنگ کے ریفرنڈم میں شامل ہوں۔