وزیراعظم کا دورہ چین، وفود کی سطح پر 23 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے،ترجمان دفتر خارجہ

12:17 PM, 7 Jun, 2024

ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف  سرکاری دورے پر چین میں ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقاتوں میں چینی باشندوں کی پاکستان میں سیکیورٹی پر بات چیت ہوئی۔ وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد 23 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعظم نے شینزن میں بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی ہے۔ ایم او یوز میں تجارت ، صعنت اور دیگر شعبوں پر کام کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی فلسطین میں پناہ گزین کیمپ پر حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ اس قسم کے حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تونیشیا سفیر کی وفات پر تونیشین حکومت اور انکے خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتا ہے،۔ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر ترکیہ جائیں گے۔ وزیرخارجہ ترکیہ میں غزہ کی صورتحال پر بلائے گئے اجلاس میں شرکت کریں گے اور پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ پاکستان اسرائیلی پولیس کے تحفظ میں ہزاروں اسرائیلی انتہا پسندوں کے مسجد اقصی پر حملے کی مذمت کرتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے امتیاز احمد پلہ نامی کشمیری کو شہید کر دیا۔ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی کارروائیاں جاری ہیں جو قابل مذمت ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں 7 ہزار سے زائد شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ہم تیونس کے سفیر بوہین الکامل کی وفات پر تیونسی حکومت اور ان کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ نے سفیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پاکستان کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کو سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کیلئے 182 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔ پاکستان سلامتی کونسل میں اپنابھرپور کرداراداکرےگا۔ پاکستان عالمی خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں