بچوں،بزرگ،خواتین کو" گداگری" پرمجبور کرنے پر 10 سال قید،20 لاکھ جرمانہ ہوگا

12:57 PM, 7 Jun, 2024

ویب ڈیسک: بچوں، خواتین اور بزرگوں کو زبردستی گداگری پر مجبور کرنے والے افراد کو اب سخت سزائیں دی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق معصوم بچوں، بزرگوں اور خواتین سے زبردستی بھیک منگوانے والے سخت سزا پائیں گے۔ محکمہ داخلہ نے قانون میں ترمیم منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوا دی۔

جس کے تحت بھکاری مافیا کے گینگ لیڈرز کو 10 سال قید ہوگی۔ اس کے علاوہ 20 لاکھ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ اگر جرمانہ ادا نہ کیا تو 3 سال مزید سزا بھگتنا ہوگی۔ 

بتایا گیا ہے کہ نئے قانون میں زبردستی بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے۔

قانون کی ترمیم میں واضح کیا گیا ہے کہ معصوم بچوں کے اعضاء ضائع کرنے اور زبردستی بھیک منگوانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین سے زبردستی بھیک منگوانا سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔ 

ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھکاری مافیا کے گینگ لیڈرز کو سزا دلوانے کیلئے قانون موجود نہیں تھا۔

مزیدخبریں