ویب ڈیسک: پاکستان رینجرز سندھ اور سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لیاری میں کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کماںڈر عزیر بلوچ گروپ کا انتہائی مطلوب کارندہ ببلو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم امیرجان عرف ببلو کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزم نے 2014 میں لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ملزم ملانثار اور ماب بلوچ کے ساتھ ملکر مخالف گروپوں کے ساتھ فسادات کرنے، بھتے کی پرچیاں دینے، فائرنگ اور منشیات فروشی میں ملوث تھا۔ دوران تفتیش ملزم کی جانب سے اہم انکشافات کئے گئے ہیں۔
ملزم نے اپنے ساتھی راجن عرف راجو کے ساتھ ملکر سیفی لین میں تاجر خان محمد کے گھر پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو فائرنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ملزم کے دیگر ساتھیوں راجن اور بھائی شہریار کو سی ٹی ڈی نے بھتہ خوری اور فائرنگ کرنے کے جرم میں پہلے گرفتار کرچکی ہے۔ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لئے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا۔