ذی الحج کا چاند آگیا،عید الاضحیٰ 17جون کو ہوگی

07:18 PM, 7 Jun, 2024

(ویب ڈیسک ) چیئرمین مرکز ی رویت ہلال کمیٹی  مولانا عبد الخبیر آزاد  نے اعلان کیا  کہ  ذی الحج کا چاند نظر آگیا ہے، ملک بھر میں عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔

ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارت مذہبی امور  کے نمائندے شریک ہوئے۔

چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا ہے ۔یکم ذی الحج 8 جون  کو ہوگی  جبکہ  ملک بھر میں عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں نے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ۔پشاور ، اٹک کوہاٹ ، میانوالی ، مری، ناروال اور لاہور سمیت دیگر مقامات پر چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ۔لہذا ملک بھر میں عید الاضحی 17 جون بروز پیر کو منائی جائے گی۔

اس سے قبل پشاور کی زونل رویت ہلال کمیٹی  کے مطابق  پشاورمیں ذی الحج کاچاندنظرآگیا، مولانا حافظ عبدالغفور  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاند نظر آگیا ہے, چاند کا دورانیہ 75 منٹ تک ہے, جو بھی چاند دیکھنے کی کوشش کرے گا اس کو نظر آئے گا,ہمارے کمیٹی کے ممبران نے بھی چاند دیکھا ہے, چاندنظرآنے کاباضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کریگی۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا بھی کہنا تھا کہ  ملک بھر میں چاند نظر آنے کے قوی امکان موجود ہیں، ملک بھر میں عید الاضحیٰ 17 جون  بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں