بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے موبائل ایپ تیار

12:14 PM, 7 Mar, 2021

احمد علی

ویب ڈیسک: پنک پاکستان نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے پاکستان کی پہلی موبائل ایپ تیار کر لی۔ اس موبائل ایپ کا مقصد خواتین میں بڑھتے ہوئے بریسٹ کینسر کے مرض کی روک تھام کے لیے آگاہی پیدا کرنا ہے۔

دیکھنے میں آیا ہے کہ پاکستان کی بیشتر خواتین میں بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض کے بارے میں آگاہی بہت کم ہے جبکہ اکثر خواتین اس کے بارے میں بات کرنے سے بھی گھبراتی ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ موذی مرض زیادہ بڑھتا ہے تو اس پر قابو پانا اور بھی مشکل ہوتا ہے۔

خواتین کے ان تمام مسائل کے ادراک کے لیے پنک پاکستان نے ایک آسان حل موبائل ایپ کی صورت میں نکالا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائی جا سکے۔

پنک پاکستان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ڈیجیٹل لائحہ عمل اس مرض سے نمٹنے میں موثر کردار ادا کرے گا۔

ادارے کی سربراہ ڈاکٹر زبیدہ قاضی کا کہنا ہے کہ بریسٹ کینسر کے مرض کا ابتدائی مراحل میں پتہ چل جانا اس کے تدارک میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے خواتین بریسٹ کینسر کی علامات سے آگاہی حاصل کرکے خود ہی اپنا ابتدائی معائنہ کر سکیں گی جبکہ ڈاکٹرز سے رجوع  کے لیے بھی اس ایپ کو استعمال کیا جاسکے گا۔

مزیدخبریں