”مفتاح اسماعیل این اے 249میں امیدوار “

03:30 PM, 7 Mar, 2021

احمد علی
اسلام آباد (پبلک نیوز) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی بھی اخلاقیات کا بھاشن نہ دے ٗ کوئی دو تھپڑ مارے گا تو ہم آپ کو دس تھپڑ ماریں گے ٗ ہم دھونس ٗ دھاندلی سے لیا جانیوالے اعتماد کا ووٹ مسترد کرتے ہیں۔ہم مفتاح اسماعیل کو این اے 249میں مسلم لیگ(ن) کا امیدوار بنانے کا اعلان کرتے ہیں   مریم نواز شریف نے مسلم لیگ(ن) کے مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ شاہد خاقان عباسی ٗ احسن اقبال ٗ مریم اورنگزیب ٗ مفتاح اسماعیل ٗ خرم دستگیر اور مصدق ملک کے ساتھ جو طوفان بدتمیزی اٹھایا گیا ٗ اس پر پارٹی کے اندر غصہ کا ا ظہار کیا گیا اور پارٹی نے فیصلہ کیا کہ ہم اس کو نہیں بھولیں گے۔ مسلم لیگ کو جو اخلاق اور تہذیب کا بھاشن دیتے ہیں وہ اپنے پاس رکھیں ٗ کسی طرح بھی سنیئر قیادت کی اس طرح سے تذلیل کرائے کے چند غنڈوں کے ہاتھوں برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس معاملے کو ذاتی طور پر لیا ہے ٗ یہ ایسے ہی ہے جیسے آپ نے میرے بڑے بھائی ٗ میرے لیڈر شاہد خاقان عباسی پر حملہ ٗ احسن اقبال پر حملہ کیا ٗ جس طرح پاکستان کی بیٹی مریم اورنگزیب پر حملہ کیا اور مصدق ملک پر حملہ کیا۔ آپ کو اس کی بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔آپ ہمیں دو تھپڑ ماریں گے ٗ ہم آپ کو دس تھپڑ ماریں گے۔اس موقع پر موجود تمام لیڈران نے کہا ”انشاء اللہ“۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اعتماد کا جعلی ووٹ لینے کے حوالے سے پارٹی کا موقف ہے کہ دھونس ٗ جبر اور غنڈہ گردی سے اعتماد کا ووٹ لیا گیا ٗ اپنے ہی اراکین کی گردنوں پر تلواریں رکھی گئیں ٗ اس کی نہ کوئی قانونی حیثیت ہے ٗ نہ کوئی ااخلاقی حیثیت ہے۔ جن اراکین نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا ٗ اچانک ایسا کیا ہوا کہ انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا۔اس سے قبل مسلم لیگ(ن) کی مشاورتی اجلاس دو بجے دوپہر شروع ہوا اور ٗ تقریبا چھ گھنٹے تک جاری رہا۔ حمزہ شہباز کی آج بلاول بھٹو کیساتھ ملاقات کی وجہ سے شرکت نہ کر س کے مگر انہوں نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ کی مرکزی قیادت ٗتمام صوبائی صدور ٗ جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے شرکت کی۔
مزیدخبریں