تحریک عدم اعتماد: ن لیگ کا عبدالعلیم خان سے رابطہ
07:47 AM, 7 Mar, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) اپوزیشن کی جانب سے حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریوں زور وشور سے جاری ہیں۔ اس گہما گہمی میں انتہائی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان سے رابطہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالعلیم خان کئی دنوں سے اراکین اسمبلی سے اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ان کی اب تک 40 کے قریب ممبرز سے میٹنگز ہو چکی ہیں۔ ان کی آج ترین گروپ کے اہم رہنمائوں کیساتھ بھی میٹنگز شیڈول ہیں۔ وہ اس کیلئے خصوصی طور پر جہانگیر ترین کے گھر جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام گروپوں بشمول ترین گروپ کو ساتھ لے کر کوئی مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ تاہم تمام ارکان کے ناموں کو پوشیدہ رکھا جائے گا، جب تک ملک کا سیاسی منظر نامہ واضح نہیں ہوتا۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عبدالعلیم خان نے جن 40 اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کی ہیں ان میں متعدد وزرا بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیا میں یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے بھی علیم خان سے رابطہ کر لیا ہے۔ https://twitter.com/SaleemKhanSafi/status/1500550652040294401?s=20&t=BGHhjM2l4mPubFCtUl7fFQ دوسری جانب سینئر صحافی سلیم صافی نے بھی اپنی ٹویٹ میں اسی قسم کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ آج لاہور میں گرتی ہوئی سونامی سرکار کو ایک اتنا بڑا دھچکا اور سرپرائز ملنے والا ہے کہ اس کے بعد عمران خان کا لہجہ اور بوکھلاہٹ ڈونلڈ ٹرمپ کے لہجے اور بوکھلاہٹ کو کراس کر جائے گا۔ ع اور ج سے شروع ہونے والے دو ناموں کا اہم رول ہوگا۔