بلاول نے عمران خان کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا
10:39 AM, 7 Mar, 2022
گجرات: ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کیلئے 24 گھنٹے کا وقت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمت ہے تو ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے اسمبلی توڑ دو۔ گجرات میں پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان میں ہمت ہے تو انتخابات کرائیں، لگ پتا جائے گا کہ سامنا کس کیساتھ ہے۔ لانگ مارچ میں جس جس شہر گئے، وہاں سب کا ایک ہی نعرہ تھا ''گو سلیکٹڈ گو''۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد کرایا جائے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ہر نعرہ اور وعدہ دھوکا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کرا کے پاکستانی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ عام آدمی مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پہلے دن سے ہم نے اس نالائق کو تسلیم نہیں کیا۔ یہ عوام کے ووٹوں کی وجہ سے نہیں بلکہ ایمپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں۔ اب بس بہت ہو چکا، کٹھ پتلی سلیکٹڈ کو گھر جانا ہوگا۔ یہ شخص اس عہدے پر بیٹھنے کے لائق نہیں ہے۔ عوام اپنا نمائندہ خود چنے گی۔ وزیراعظم کے گذشتہ روز میلسی میں خطاب پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان یورپ کیخلاف ایسی زبان استعمال کر رہے ہیں کہ جیسے انہوں نے کشمیر کو فتح کر لیا ہو۔ انھیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ یورپ میں پاکستانیوں کی بڑؑی تعداد رہتی ہے، ان کے بیانات سے ان کیلئے مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔