آنے والے دنوں میں عمران نیازی مزید گھبرائیں گے

11:13 AM, 7 Mar, 2022

احمد علی
‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد عوام کا مطالبہ ہے، اپوزیشن عوام کے فیصلے پر عمل کررہی ہے ، ‎ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے تحریک عدم اعتماد ہی راستہ ہے . میاں‌ شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‎معیشت کی بحالی، عوام کو مہنگائی سے نجات اور ریلیف دینے کے لئے اس حکومت کو ہٹانا لازم ہے ، ‎وہ لینڈ مائینز صاف کرنا پڑیں گی جو موجودہ حکومت نے معیشت اور ملک کی بنیادوں میں بچھائی ہیں. ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہے، وہ ظالم حکومت سے نجات چاہتے ہیں ، ‎مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے موجودہ حکومت سے نجات شرط اول ہے. انہوں نے کہا ‎مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، اس کی غلط پالیسیز اور فیصلے ہیں، ‎عمران نیازی کی خارجہ امور پر کنٹینر والی ناسمجھ گفتگو ریاست پاکستان کے لئے گھبرانے والی بات ہے ، ‎ریاست اور عمران نیازی کی سمت باہم مخالف ہیں، یہ قومی مفادات کے لئے نیک شگون نہیں . انہوں نے مزید کہا ‎عمران نیازی اپنی سیاست اورساکھ خراب کرچکے، پاکستان کی عالمی سیاست اورساکھ خراب نہ کریں ، ‎ملک میں سیاست ڈبونے والا پاکستان کی عالمی سیاسی پوزیشن پر نہ بولے تو بہتر ہے ، ‎جوہری پاکستان کے وزیراعظم کی خارجہ امور پر غیرمحتاط گفتگو قومی مفادات کے لئے خطرناک ہے. ‎ شہباز شریف نے کہا قیادت کے غلط فیصلوں کی قیمت ممالک اور عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے، احساس کریں، ‎معیشت ، خارجہ وداخلہ امور، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کے بعد مزید تجربات سے پرہیز ہی پاکستان کے حق میں بہتر ہے ، ‎گالیاں تحریک عدم اعتماد کا راستہ نہیں روک سکتیں، رویہ گھبراہٹ کا ثبوت ہے ، ‎آنے والے دنوں میں عمران نیازی مزید گھبرائیں گے، قوم کی گھبراہٹ کم ہوتی جائے گی ، ان شاءاللہ.
مزیدخبریں