حکومت آگے بڑھ کر کوئی فیصلہ لے، چوہدری پرویز الہی

01:13 PM, 7 Mar, 2022

احمد علی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سے حکومت پنجاب کے وزرا کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ‌گئی. ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کی قیادت نے تحریک انصاف کو بڑے سیاسی فیصلے لینے کا مشورہ دے دیا.

ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ نے مشورہ دیا کہ ملکی و سیاسی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ آگے بڑھ کر حکومت پہلے فیصلہ لے. ان کا کہنا تھا کہ حالات تیزی سے حکومت کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں، جو پہلے فیصلہ لیتا ہے سیاست میں اس کو برتری حاصل ہوجاتی ہے.

چوہدری پرویز الہی نے کہا لمحہ بہ لمحہ صورت حال تبدیل ہورہی ہے ، اس صورتحال پر مشورہ بھی ہورہا ہے اور رابطے بھی ہورہے ہیں.

دوسری جانب جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس دوران عون چوہدری سے جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا ہونے جارہا ہے اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ابھی کچھ نہیں بتا سکتا، تھوڑا سا سسپنس رہنے دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو ہوگا بہتر ہوگا، دعا کریں. صحافی نے یہ بھی سوال کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب گھر جارہے ہیں یا نہیں جس پر عون چوہدری کا کہنا تھا کہ تھوڑا صبر کریں، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔خیال رہے کہ ایک روز قبل علیم خان کے گھر پی ٹی آئی کے ہم خیال ارکان کے اعزاز میں عشائیہ ہوا، تقریب میں پی ٹی آئی کے 24 سے زائد ارکان نے شرکت کی تھی۔

مزیدخبریں