مدینہ منورہ میں پاکستانی عمرہ زائر کو دل کا دورہ، دھڑکن 10منٹ بعد بحال
11:37 AM, 7 Mar, 2023
70 سالہ پاکستانی عمرہ زائر کو مسجد نبویﷺ میں ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ان کا دل 10 منٹ کے لئے کام کرنا بند ہو گیا تاہم دس منٹ بعد حیران کن طور پر دل کی دھڑکن دوبارہ بحال ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق طبی ٹیموں کو مسجد نبویؐ کے صحن میں بے ہوش ہونے والے 70 سالہ مریض کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی تھی ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اطلاع کے فوری بعد ایمبولینس فراہم کی گئی اور مریض میں تشخیص ہوئی کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے ۔ سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر بزرگ شہر ی کو سی پی آر دیا اور ساتھ ہی الیکٹرک شاکس بھی دیے گیے جس کے نتیجے میں دس منٹ کے بعد معمر شخص کی دل کی دھڑکن بحال ہوگئی ۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد بزرگ کو الصفیہ ہیلتھ سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں طبیعت بہترہونے کے بعد انھیں ڈسچارج کر دیا گیا ۔ سعودی میڈیا نے مزید بتایا کہ رواں برس اب تک مسجد نبویؐ میں ہارٹ فیلیئر کے 7، اور دل کا دورہ پڑنے کے 8 اور سانس کی شدید بیماری کے 48 کیسز ہوچکے ہیں ۔