رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

06:45 PM, 7 Mar, 2023

احمد علی
گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ خصوصی عدالت نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف تھانہ انڈسٹری ایریا گجرات کے مقدمے کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ پیش نہ ہوئے۔ ان کے وکلا نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ وکلاء نے کہا کہ حکومتی امور کی وجہ سے رانا ثنا اللہ آج عدالت پیش نہیں ہو سکیں گے، آئندہ پیشی پر حاضری یقینی بنائیں گے۔ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی میں پیش ہوئے، عدالت کو وارنٹ کی عدم تعمیل سے آگاہ کیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے رانا ثناءاللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ ڈی پی او گجرات کو رانا ثناءاللہ کو 28مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کے وکلاء کا پیش ہونا بتاتا ہے کہ رانا ثناءاللہ کو آج کے کیس کا علم تھا، پولیس نے عدالت کو بتایا انہوں نے راناثناء اللہ کو فیصل آباد اور اسلام آباد تلاش کیا مگر وہ نہ ملے۔ خیا ل رہے کہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج ایک مقدمہ میں جاری کیے گئے، مقدمہ اگست 2022 میں (ق) لیگ کے مقامی رہنما کی مدعیت میں درج ہوا تھا، رانا ثنااللہ پر چیف سیکرٹری پنجاب اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔
مزیدخبریں