اسلام آباد ( پبلک نیوز) ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ، مہنگائی کی مجموعی شرح 17 اعشاریہ 05 فیصد ریکارڈ۔
ادادہ شماریات کے مطابق مہنگائی کا پارہ انیس ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ایک ہفتے میں 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ رواں ہفتے 26 اشیا کی قیمتوں میں کمی 7 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 32روپے مہنگا ہو گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت 1112 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے 20 کلو آٹے کا تھیلا 1081 روپے کا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 27 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ زندہ مرغی فی کلو 261 روپے سے بڑھ کر 288 روپے ہو گئی۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران فی درجن کیلا 10 روپے مزید مہنگا ہو گیا۔ ایک درجن کیلا کی قیمت 140 روپے سے زائد ہو گئی۔ ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ ایک کلو چینی کی اوسط قیمت 96 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ایک ہفتے کے دوران دال مونگ، ماش اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گھی کا اڑھائی کلو کا ٹن 1 روپیہ مزید مہنگا ہو گیا۔ گھی کا اڑھائی کلو کا ٹین 771 روپے کا ہو گیا۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 10 پیسے تک مزید مہنگے ہو گئے۔ ایک ہفتے میں فی درجن انڈے 10 روپے تک سسستے ہو گئے۔ پیاز، آلو، دال چنا اور مسور کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔