ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی

06:28 AM, 7 May, 2022

احمد علی
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دبائو کے باعث اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 07 سے 09 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب، بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ممکنہ اثرات: شدید گرم اور خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ ہے۔ زیادہ درجہ حرارت کے باعث انرجی کی کھپت بڑھ جائے گی۔ اگلے ہفتے کے دوران زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے دریائوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔ عوام گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ہفتہ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا جبکہ ملک کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ کے زیر اثر رہیں گے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم مالم جبہ، لاہور (ایئرپورٹ) اور مظفر آباد میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش (ملی میٹر) مالم جبہ 12، لاہور (ایئر پورٹ) 03 اور مظفر آباد (سٹی) میں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ روز ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق سبی، دادو 46، جیکب آباد، لاڑکانہ، اور موہنجو داڑو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مزیدخبریں