سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

01:59 PM, 7 May, 2023

احمد علی
کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کےلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ،ووٹوں کی گنتی جاری ہے. مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے. سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا میلہ سج گیا ہے، ضمنی انتخابات میں پولنگ صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی. کراچی ڈویژن کی یو سی چیئرمین وائس چیئرمین کی 11 اور وارڈ ممبر کی 15 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ضلع وسطی میں یو سی 4 نیو کراچی، یو سی 6 نارتھ ناظم آباد، یو سی 13 نیو کراچی میں انتخابی معرکہ ہو رہا ہے۔ ضلع کورنگی میں یو سی 2 کورنگی، یو سی 3 شاہ لطیف ٹائون، یو سی 8 لانڈھی میں شہری اپنے نمائندے منتخب کریں گے، ضلع غربی میں یو سی 1 اورنگی، یو سی 2 اورنگی، یو سی 8 مومن آباد میں مختلف جماعتوں کے درمیان مقابلہ ہوا. ضلع جنوبی میں یو سی 2 بہار کالونی لیاری اور ضلع کیماڑی میں یو سی 2 بلدیہ میں چیئرمین وائس چیئرمین کی مشترکہ نشست پر پولنگ ہوئی. ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز اور 1586 پولنگ بوتھس بنائے گئے، ضمنی انتخابات میں ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہ ، 292 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں 434 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 295 ہے۔ دوسری جانب کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق سیکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا۔ انتخابات کیلئے 172 پولنگ بلڈنگز بنائی گئی ہیں جس میں 302 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں۔ کراچی پولیس کے 7 ہزار سے زائد اہلکار الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کے 12 اہلکار اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر 10 اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ پولنگ بلڈنگز پر QRF کے دستے سیکیورٹی پر معمور ہوں گے جبکہ RRF فورس پیٹرولنگ پر موجود رہے گی۔ کسی بھی ہنگامی حالات صورتحال سے نمٹنے کیلئے کراچی پولیس کے خصوصی دستے ترتیب دیئے گئے ہیں۔ضمنی الیکشن کیلئے سندھ رینجرز بھی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔ کراچی پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
مزیدخبریں