ایس آئی ایف سی: وفاقی دارالحکومت میں 16 جدید ترین آئی ٹی لیبز کا قیام

04:04 PM, 7 May, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی دارالحکومت میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تعاون سے 16 جدید ترین آئی ٹی لیبز (labs) کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں 16 جدید ترین آئی ٹی لیبز (labs) قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان جدید ترین آئی ٹی لیبز (labs) میں نوجوانوں کو جدید ترین ہنرسکھائے جائینگے جس سے ان کے لئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ آئی ٹی لیبز (labs) اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں واقع 16 ڈگری کالجز میں تعمیر کی جائیں گی۔

ان آئی ٹی لیبز (labs) میں طلبا کو بلاک چین، ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت(AI) اور گیم ڈویلپمنٹ میں 6 ماہ کے کورسز کرائے جائینگے۔ پہلے مرحلے میں تقریبا 1ہزار طلبا کو کورسز پیش کئے جائیں گے جو مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ 

ان کورسز کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن((NAVTTC)) نے نسٹ(NUST)، نیشنل سکلز یونیورسٹی، کامسیٹس (COMSATS) اور نمل(NUML) جیسی معروف یونیورسٹیوں کے تعاون سے تیار کیا ہے۔

یہ کورسز مئی 2024 کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوں گے، وزارت تعلیم نے مزید بتایا کہ اب تک ان کورسز کے لئے 3 ہزار6 سو طلبا اندراج کراچکے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر وزارت وفاقی تعلیم کی جانب سے یہ لیبز  (labs) تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

مزیدخبریں