ویب ڈیسک: 9 مئی کے دلخراش سانحے کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے مگر شہداء کے لواحقین آج بھی دکھی ہیں۔
سانحہ 9 مئی کے حوالے سے شہداء کے لواحقین نے نم آنکھوں سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
کیپٹن طحہٰ ہاشمی شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا فخر ہے کہ اللہ نے میرے بیٹے کو شہادت کے لیے چنا۔ ہمارے شہداء کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، کیا ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں چلی گئیں؟ جو قومیں اپنے شہداء کی قدر نہیں کرتی وہ مٹ جاتی ہیں۔
کیپٹن محمد عاقب جاوید شہید کی بہن نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی جو ناقابل برداشت تھا۔ میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ 9 مئی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہداء کے لواحقین کے لیے ان کے پیاروں کی یادگاروں کی بے حرمتی دیکھنا نہایت تکلیف دہ تھا۔
نائیک اسلام کاشف زبیری شہید کی بہن نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والا سانحہ انتہائی قابل مذمت ہے، میں نہیں سمجھتی کہ اس واقعے کی ذمہ داران مسلمان یا پاکستانی کہلانے کے لائق ہیں۔ یہ کیسے لوگ ہیں جو اپنے شہداء کی بے قدری کرتے ہیں؟