ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حصول کیلئے والدہ کی درخواست پر نوٹس

09:09 AM, 7 Nov, 2022

احمد علی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کینیا میں فائرنگ سے قتل ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حصول کے لیے دائر درخواست پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مرحوم ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف ارشد شریف کی والدہ کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی،جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، درخواست میں کہا گیا کہ تین نومبر کو ارشد شریف کی فیملی کے فوکل پرسن نے انتظامیہ سے رپورٹ مانگی مگر انتظامیہ نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کے نہیں پولیس کے پاس ہے۔ پولیس کے پاس گئے تو انھوں نے انتظامیہ سے رابطے کا کہہ دیا ، پمز انتظامیہ سے بار بار رابطہ کیا گیا مگر نہ وہ انکار کرتے ہیں اور نہ ہی رپورٹ فراہم کرتے ہیں۔تاحال ارشد شریف فیملی کو پوسٹ مارٹم رپورٹ سے متعلق اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔ شہید ارشد شریف کی فیملی کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ پٹیشنر کو شک ہے کہ حقائق مسخ کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں رد وبدل کیا جا سکتا ہے، عدالت بغیر کسی تھرڈ پارٹی کی مداخلت کے پورے عمل کو آگے بڑھانے کی ہدایت دے، ارشد شریف فیملی کے فوکل پرسن کو پورے عمل میں شامل کیا جائے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ ارشد شریف فیملی کو فراہم کی جائے اس کے ساتھ ساتھ بغیر فیملی کی اجازت کے پبلک بھی نہ کی جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین سے 15 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے اور کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے.
مزیدخبریں