آپ کے ساتھ جو ہوا بہت درد ناک ہے، چیف جسٹس کا اعظم سواتی سے مکالمہ
10:37 AM, 7 Nov, 2022
اسلام آباد: چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ اعظم سواتی کے ساتھ جو ہوا ہے دردناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کےدوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سینیٹر اعظم سواتی کو روسٹرم پر بلایا ، چیف جسٹس نے اعظم سواتی سے مکالمے کر تے ہوئے کہا کہ سواتی صاحب آپ کا معاملہ انسانی حقوق سیل میں ہے ، ہم اس پر کام کررہے ہیں اور یہ چاھتے ہیں کہ تحقیق ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسانی حقوق سیل کو کہتے ہیں کہ وہ آپ کو بلائے ، آپ کے ساتھ جو ہوا ہےوہ بہت دردناک ہے۔یہ عدالت خود سے تفتیش نہیں کرسکتی کیونکہ اس عدالت کو ضابطے کے مطابق کام کرنا ہوتا ہے۔ سماعت کے دوران اعظم سواتی ایک بارپھر آبدیدہ ہوگئے، چیف جسٹس سے انہوں نے کہا کہ جو ویڈیو بھجی گئی ہے کیا وہ ججز کے علاوہ کسی اور کو دکھا سکتا ہوں؟چیف جسٹس نے کہا کہ پیمرا اور پی ٹی اے کو اعظم سواتی سے متعلق ویڈیو کوڈیلیٹ کرنے کیلئے ہدایت کرتا ہوں۔ چیف جسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی آپ بہادر بنیں اور ہم اس کیس میں تحقیقاتی رپورٹ کو سامنے رکھ کر چلیں گے۔ آج کے دور میں سچ کو ڈھونڈنا بہت مشکل ہوچکا ہے، سچ اس وقت جھوٹ کی کئی تہوں کے نیچے آچکاہے۔