لاہور ہائیکورٹ: رانا ثنا اللہ کی نیب انکوائری ختم کرنیکی درخواست منظور
01:04 PM, 7 Nov, 2022
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی نیب انکوائری ختم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کی درخواست منظور کی اور ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انوسٹی گیشن ختم کرنے کا فیصلہ سنایا دیا ہے۔ کیس کی سماعت کے آغاز پر نیب نے جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا تھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی روشنی میں رانا ثنااللہ کا کیس متاثر ہوا ہے۔نیب کا کہنا ہے کہ ترمیم کے بعد 50کروڑ سے کم مالیت کے کیس کی تفتیش اب نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے جب کہ جرم کی تعریف بھی بدل دی گئی ہے۔ نئی تعریف کے تحت آمدن کی صورت میں کرپشن کا عنصر ہونا بھی ضروری ہے۔ رانا ثنا اللہ کے وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثناءاللہ کو منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا ہائیکورٹ سے ان کی ضمانت ہوئی ہے۔اے این ایف کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ نے ساری جائیداد منشیات کے کاروبار سے بنائی ہے جبکہ نیب کے مطابق رانا ثناءاللہ نے اثاثے کرپشن سے بنائے ہیں۔ امجد پرویز نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ معاملہ انسداد منشیات کی عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے نیب کو تفتیش کا اختیار نہیں ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد رانا ثنا اللہ کی درخواست منظور کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔