'ریکوڈک منصوبے میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر دسمبرکے اواخر تک معائدہ ہو جائے گا'
07:48 PM, 7 Nov, 2023
اسلام آباد : نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر دسمبرکے اواخر تک معائدہ ہو جائے گا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیا، وزیر اعظم نے ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری پر سیر حاصل گفتگو کی۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر بات چیت جاری ہے، منصوبے میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر دسمبرکے اواخر تک معائدہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پیشکش پر بہت پرجوش ہیں، اس کے علاوہ بھی سعودی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے، اس وقت منصوبے میں سرمایہ کاری پر تین مختلف سٹیک ہولڈرز کے درمیان بات ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بطور حکومت سعودی عرب کو سرمایہ کاری پر حوصلہ افزائی کریں گے، مستقبل میں ایس آئی ایف سی 'ون ونڈو آپریشن' کے طور پر کام کرے گی، دو سے تین شعبہ جات میں پہلے سے ہی بہت کام ہو چکا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ڈالر کی سمگلنگ بڑی حد تک کم ہوئی، یہ براہ راست سرمایہ کاری کے لیے ضروری ہے، سرمایہ کاری کی راہ میں افسر شاہی کی جانب سے مشکلات کو بھی حل کیا جا رہا ہے، ایس آئی ایف سی کی صورت میں وں ونڈو پلیٹ فام تشکیل دیاگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری کو 15 دنوں میں اجازت دی جائے گی، سرمایہ کاری کا یہ طریقہ تمام بیرونی سرمایہ کاروں کو قابل قبول ہو گا۔