پاورکمپنیوں کی نااہلی: صارفین کو 60 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑگیا

12:47 PM, 7 Nov, 2024

ویب ڈیسک: نیپرا نے ستمبر کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپیہ 28 پیسے سستی کردی۔ اگست کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 86 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ستمبر کا ایف سی اے اگست کی بہ نسبت صارفین سے مزید 42 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا۔

نیپرا نےسنٹرل پاور پرچیزنگ کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ فیصلہ میں ممبر نیپرا  نے اضافی نوٹ بھی تحریر کیا۔ 

اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ پاور کمپنوں کی   نااہلی سے صارفین کو 60 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ ستمبر میں 747 میگاواٹ کے گڈو پلانٹ کے اوپن سائیکل آپریشن سے 520 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ اس آپریشن سےمالی سال 2024-25 کا مجموعی نقصان تقریباً2.3 ارب روپے ہے۔ ستمبر 2024 میں گڈو پاور پلانٹ کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے تقریبا 6.4 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ 

اضافی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پیداوار میں کمی کے باعت یہ نقصان سالانہ 18 ارب روپے سے زائد ہے۔ ستمبر میں 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم پلانٹ کی عدم موجودگی نے مہنگے پلانٹس پر انحصار بڑھا دیا۔ نیلم جہلم پلانٹ کی عدم دستیابی پر تقریباً 4.9 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ عدم دستیابی کے باعث مہنگے پاور پلانٹ پر انحصار سے مالی سال کے دوران کل 17.2 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔ گڈو اور نیلم جہلم کی کم پیداور سے قومی خزانے پر غیر ملکی زرمبادلہ کا نمایاں بوجھ پڑا۔ تھرمل پاور پلانٹس سے ستمبر کے دوران کل کھپت 40 فیصد رہی۔

مزیدخبریں