اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
04:38 AM, 7 Oct, 2022
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت ہوئی، جہاں دس لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج کی سماعت میں اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش ہو ئے، اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹس مستقل طور پر منسوخ کرنے کی استدعا کی ، وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کا آرڈر بھی ختم کیا جائے ، اسحاق ڈار اب عدالت کے سامنے موجود ہیں۔ جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ کیا نیب نے خود بھی اسحاق ڈار کے کوئی وارنٹس جاری کیے تھے؟ تفتیشی افسر نادر عباس نے جواب میں کہا کہ ہم نے وارنٹس جاری کئے تھے لیکن وہ معطل ہو گئے تھے۔عدالت نے صرف اسحاق ڈار کی حاضری کیلئے وارنٹس جاری کیے تھے، عدالت نے نیب سے سوال کیا کہ اب آپ کا کیا موقف ہے وارنٹس منسوخ کئے جائیں یا نہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے بھی وارنٹس منسوخی کی حمایت کر دی اور کہا کہ عدالت کا وارنٹ صرف اسحاق ڈار کی حاضری کیلئے ہی تھا۔ وکیل قاضی مصباح نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ایک کانفرنس کے لئے بیرون ملک جانا ہے، جج محمد بشیر نے کہا کہ ضمنی ریفرنس بھی آیا ہوا اس کے تحت دوبارہ فرد جرم ہونی ہے، وکیل نے جواب دیا کہ اس پر ہم دلائل دیں گے ضمنی ریفرنس بنتا نہیں ہے۔ اسحاق ڈار کی جانب سے جائیداد ضبطگی کیخلاف درخواست دائر کی گئی، جس کے ساتھ ہی اسحاق ڈار نے حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست بھی دائر کر دی۔ اسحاق ڈار کی دونوں درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا گیا، جس کے بعد اسحاق ڈار کیخلاف کیس کی سماعت آئندہ بدھ تک ملتوی کر دی گئی ہے اسحاق ڈار کی حاضری معافی اور جائیداد قرقی کے خلاف درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کیا گیا، احتساب عدالت نے نیب سے 12 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔