نواز شریف چوتھی بار بھی وزیراعظم بنیں گے، خواجہ آصف

05:21 PM, 7 Oct, 2023

احمد علی
لاہور: رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے۔ خواجہ آصف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس تشریف لا رہے ہیں، انشاءاللہ وہ چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے اور یہ تمام مسائل حل ہونگے کیونکہ ماضی میں انہوں نے یہ سب کرکے دکھایا ہے، سابق وزیراعظم نے تمام چیزوں کو لگام ڈال دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائد ن لیگ 11 روپے کا فی یونٹ بجلی چھوڑ کر گیا، آج بجلی کا فی یونٹ 55 روپے کا ہو چکا ہے، نواز شریف نے دنیا کے سستے ترین کارخانے لگائے، پی ٹی آئی کا چار سالہ دور تباہی کا دور تھا۔ خواجہ آصف نے کہا پاناما میں نواز شریف کا نام نہیں تھا، ان کو کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، پاکستان کی تاریخ میں سابق وزیراعظم سے اپیل کا حق بھی لے لیا گیا، ایسا سلوک تو بدترین ملزموں سے بھی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا آج پی ٹی آئی قیادت شور مچاتی ہے، کیا اس وقت انہیں یاد نہیں آیا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جانے کے ایجنڈے کا نہیں پتا، نواز شریف ایک دو ملکوں سے ہو کر پاکستان آ رہے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ(ن) خواجہ آصف کا کہنا تھا ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، سمگلنگ رکنے سے ڈالر میں استحکام آیا ہے، غیرملکیوں کے خلاف ایکشن سے نتائج سامنے آ رہے ہیں، کرنسی سے لیکر تنور افغانیوں کے قبضے میں ہے، غیرملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کےاچھے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
مزیدخبریں