ویب ڈیسک: سینئر لیگی رہنما اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے آج ہونے والے چینی باشندوں پر بم دھماکے کے بعد اپنی ہی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کم نظر ترجیحات عالمی سطح پر ہماری جگ ہنسائی کا سبب بن رہی ہیں۔
ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک سخت بیان میں مشاہد حسین سید نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پرانی کہاوت ہے کہ ' نیرو بانسری بجا رہا تھا جب کہ روم جل رہا تھا'، افسوسناک بات یہ ہے کہ آج کے پاکستان میں ہمارے حکمرانوں پر یہ کہاوت لاگو ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ گمراہ کن اور کم نظر ترجیحات نے ایسی صورتحال کو جنم دیا ہے کہ ملک پیچھے کی طرف جاتا جا رہا ہے اور یہ عالمی سطح پر ہماری جگ ہنسائی کا سبب بن رہا ہے۔ یہاں تک کہ ہم ہمارے بہترین غیرملکی دوست کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔