بریکنگ نیوز!عمران خان اورعلی امین گنڈاپورپرایک اور مقدمہ درج

11:55 AM, 7 Oct, 2024

ویب ڈیسک:اسلام آباد میں احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور جی ٹی روڈ بلاک کرنے پر پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گردی، اقدام قتل سمیت چودہ  سنگین دفعات کے تحت درج  مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اعظم سواتی، عامر مغل، بیرسٹر سیف اور 3ہزارنامعلوم کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمہ 26 نمبر کے مقام پر ہنگامہ آرائی اور جلاو گھیراو پر تھانہ نون میں درج کیا گیا۔ مقدمہ دہشتگردی سمیت 10سنگین دفعات کے تحت سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل مینول سے ہٹ کر غیر ضروری ملاقاتوں اور رابطوں کی سہولت کے باعث کارکنوں کو ریاست مخالف اکساتے ہیں۔مقدمے میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے سرکاری گاڑیوں پر حملہ آور ہوکر انہیں نظر آتش کیا۔

مقدمے کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، انہیں یرغمال بنایا اور حبس بے جا میں رکھا۔ ملزمان میں علی امین گنڈاپور پر سرکاری وسائل کا استعمال جبکہ اعظم سواتی پر مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے۔

گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ڈی چوک پہنچنے کا حکم تھا۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کا نام بھی شامل کیا گیا ہے جن پر کارکنوں کو ریاست کے خلاف تشدد پر اکسانے کا الزام ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے مقدمے کی مزید تفتیش میں مصروف ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

مزیدخبریں