چنئی: بھارتی فضائیہ کے ایئرشو کے دوران بھگدڑ، 5 ہلاک، سینکڑوں زخمی

01:02 PM, 7 Oct, 2024

علی زیدی

ویب ڈیسک: (علی زیدی) بھارتی فضائیہ کی 92 ویں سالگرہ  پر ایئر شو  کے شرکاء میں بھگدڑ مچ جانے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 230 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جس کے بعد شہریوں نے انتظامیہ اور بھارتی فضائیہ کیخلاف شہریوں نے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کی 92 ویں سالگرہ کے موقع پر بھارت کے شہرچنئی میں  ائیر شو کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے لئے منصوبہ بندی کے بغیر ہی لاکھوں افراد کو مدعو کرلیا گیا۔ 

تاہم انتہائی گرمی اور حبس کے موسم میں پینے کے پانی یا سائے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ جس کےباعث لوگوں نے جب فنکشن چھوڑ کرجانا چاہا تو بھگدڑ مچ گئی اور ایئر شو دیکھنے گئے پانچ افراد  لوگوں کے پیروں تلے کچلے گئے۔ جبکہ اس کے ساتھ ہی 230 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ٹریفک حکام کے ناقص تال میل کی وجہ سے، شہر کے کئی حصوں میں اسی طرح کے واقعات دیکھنے میں آئے۔

ایئر شو دیکھنے کے لیے لوگ صبح 11 بجے سے پہلے ہی مرینا بیچ پر جمع ہو گئے تھے۔ کئی لوگوں کو چلچلاتی دھوپ سے بچانے کے لیے چھتریوں کا استعمال کرتے دیکھا گیا۔ 

لمکا بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرانے کے مقصد سے منعقد کیے گئے اس ایئر شو میں تقریباً 16 لاکھ لوگوں نے حصہ لیا۔ یہ تقریب صبح 11 بجے شروع ہوئی اور دوپہر 1 بجے تک جاری رہی۔ 

ہجوم کی پریشانی میں اضافہ کرنے کے لیے قریبی پانی فروشوں کو ہٹا دیا گیا جس سے حاضرین کو پینے کا پانی نہیں مل سکا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹریفک کا نظام بہت خراب تھا جس کی وجہ سے افراتفری کا ماحول رہا۔

مزیدخبریں