’ہماری حکومت کو غیرسنجیدہ اور نالائق اپوزیشن ملی‘

12:09 PM, 7 Sep, 2021

حسان عبداللہ

اسلام آباد:(پبلک نیوز) وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو غیرسنجیدہ اور نالائق اپوزیشن ملی ہے، ان لوگوں کو بغیر دیکھے ہر اقدام مسترد کرنےکی عادت ہے.

وزیراطلاعات چوہدری فوادحسین نے کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سردار علی خان کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا ہے ،اسلام آباد میں زمینوں کے حصول اور الاٹمنٹ کے معاملے پر ذیلی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی وزیراسد عمر کی سربراہی میں کمیٹی جامع پالیسی مرتب کرے گی، اصلاحات کے ذریعے اداروں کو منافع بخش بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں . ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے سکیورٹی پلان کی منظوری دی ہے .

وزیراطلاعات نے بتایا کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈلسٹ میں رکھنے کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیرغور آیا، فلم انڈسٹری اور سینما کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ، وفاقی کابینہ کی نیشنل کونسل برائے طلب کے ارکان کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی، روزویلٹ ہوٹل نیویارک کے واجبات کی ادائیگی کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے، وفاقی کابینہ نے برآمدات میں اضافے کیلئے پورٹ چارجز میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے. ان کا کہنا تھا کہ این آئی آر سی میں 4 ارکان کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی ، وفاقی کابینہ کو انتخابی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق پیشرفت پربھی بریفنگ دی گئی.

وزیراطلاعات نے کہا پیپلزپارٹی اور ن لیگ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے رہے ، دونوں جماعتوں کو انتخابی اصلاحات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، ہماری حکومت کو غیرسنجیدہ اور نالائق اپوزیشن ملی ہے، ان لوگوں کو بغیر دیکھے ہر اقدام مسترد کرنےکی عادت ہے، ن لیگ کی سیاست اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کے التوا تک محدود ہوچکی ہے.

مزیدخبریں