موٹروے پولیس کی غفلت، حادثات نہ رک سکے، 4 افراد جاں بحق
05:06 PM, 7 Sep, 2021
پبلک نیوز: گوجرخان میں موٹروے پولیس کی غفلت سے ایک اور المناک حادثہ، تیزرفتاری نے دو زندگیوں کے چراغ گُل کر دیئے۔ شیخورپورہ میں آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی کی جان لے لی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرخان میں تحصیل آفس کے سامنے یوٹرن لیتے ہوئے موٹرسائیکل سوار باپ بیٹا ٹرالر کے نیچے کچلے گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد عمران اور عبدالہادی کے نام سے ہوئی ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔ جاں بحق باپ بیٹے کا تعلق گوجرخان شہر سے ہے۔ دوسری جانب شیخوپورہ میں ماچھیکے سرگودھا روڑ پر آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 شیخوپورہ نے جاں بحق میاں بیوی کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی شناخت 52 سالہ قدیر اور 50 سالہ طیبہ بانو سے ہوئی۔