بغاوت پر اکسانے کا کیس: شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر
10:47 AM, 7 Sep, 2022
اسلام آباد: بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ 9 ستمبر کو کریں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی ہے۔عدالت کی جانب سے شہباز گل کی درخواست پر پراسیکوشن سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہبازگل کی اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔ درخواست میں شہبازگل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کوہسار پولیس نے 9 اگست کو گرفتار کیا، 17 اگست کو طبی معائنہ ہوا، اڈیالہ جیل اور پمز میڈیکل بورڈ نے درخواست گزار پر تشدد کی تصدیق کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے شہباز گل کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے تھے، نوٹسز ایس ایچ او کوہسار اور سٹی مجسٹریٹ غلام مرتضی کو جاری کیے گئے۔