چوری شدہ موبائل فونز بلاک کرنے کیلئے نیا نظام متعارف

12:28 PM, 8 Apr, 2021

حسان عبداللہ

  پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے  نے گمشدہ اور چوری شدہ موبائل فونز بلاک کرنے کے لئے نیا آن لائن سسٹم متعارف کروا دیا۔ ڈیوائس سسٹم (ایل ایس ڈی ایس) ان صارفین کو آسانی اور سہولت فراہم کرے گا جو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہونے کی صورت میں اپنے موبائل کو بلاک کرانا چاہتے ہیں

پی ٹی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا شکایت کنندہ آسانی سے پی ٹی اے کے پاس ایسے ہینڈسیٹ کے آئی ایم ای آئی کو بند کرانے کےلیے درخواست داخل کرا سکتے ہیں تاکہ اسے ممکنہ غلط استعمال سے بچایا جا سکے۔

نئے سسٹم کے تحت چوری شدہ موبائل فون کو ضروری تصدیق کے بعد رپورٹنگ کے 24 گھنٹوں کے اندر بلاک کر دیا جائے گا۔ بیان کے مطابق ایل ایس ڈی ایس ایک خودکار نظام ہے جو پی ٹی اے کی ڈیوائس کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ کے سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے ساتھ منسلک ہے۔

سیل فون کو بلاک کرانے کے لیے صارفین کو پی ٹی اے کے پاس اپنے آن لائن شکایات مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کے ذریعے www.pta.gov.pk پر دستیاب درخواست جمع کروانا ہو گی۔ ایک بار جب شکایت درج ہوجائے تو شکایت کنندہ کو ایک حوالہ نمبر موصول ہو گا۔

بیان کے مطابق چوری شدہ فون کے واپس ملنے کے بعد صارفین اسے ان بلاک بھی کرا سکیں گے۔

مزیدخبریں