عیدالفطر پر بارش کہاں کہاں ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے نوید سنادی

02:47 PM, 8 Apr, 2024

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نےعیدالفطر پر ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کی نوید سنادی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 10 سے 15 اپریل تک ملک کے مختلف حصوں میں آندھی تیز ہواؤں اور بارش متوقع ہے، 10 اپریل کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے جنوبی حصوں میں داخل ہو گا، 12 اپریل کو مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہو گا جو 15 اپریل تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کےمطابق 10 سے 15 اپریل کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے، سوات، مردان، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ ،کوہاٹ، لکی مروت، بنوں اور کرک میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

10 سے 15 اپریل کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 10 سے 15 اپریل کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع سمیت اسلام آباد، مری اور گلیات میں آندھی اور وقفے وقفے سے بارش کاامکان ہے، 12 سے 14 اپریل کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی 13 سے 15 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال اور کاغان میں موسلا دھار بارشوں سے طغیانی کا خدشہ ہے۔

موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور شاہرائیں بند ہونے کے خدشات ہے، شہری 13 سے 15 اپریل کے دوران بالائی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، سیاح دوران سفر سیاحتی مقامات کی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔

مزیدخبریں