مبشر کھو کھر قتل کیس میں ایک اور اہم ملزم گرفتار
10:00 AM, 8 Aug, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر قتل کیس میں بڑی پیش رفت، ملزم ناظم کے شریک ملزم عمر حیات کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا، اس پر الزام ہے کہ اس نے ملزم ناظم کو جائے وقوعہ پر چھوڑا تھا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اسد کھو کھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے جب مرکزی ملزم ناظم کے شریک قتل نامزد ملزم عمر حیات کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ عمر حیات پر یہ الزام ہے اس نے ملزم ناظم کا قتل کی اس واردات میں ساتھ دیا اور وہی تھا جو ملزم کو ولیمے کی اس تقریب میں چھوڑ کر گیا تھا جہاں پر مبشر کھوکھر کا قتل ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزم ناظم نے بتایا کہ اس نے مبشر کھوکھر کے قتل کی منصوبہ بندی اپنی مدد آپ کے تحت کی ہے اور اس منصوبے کو بنانے میں اس کا کوئی شریک کار نہیں تھا ، ملزم عمر حیات نے اسے ولیمے کی تقریب میں چھوڑا تھا ، پولیس اب ان خطوط پر بھی تفتیش کر رہی ہے عمر حیات کے ساتھ ساتھ کس نے ملزم ناظم کی مدد کی اور کون کون اس جرم میں اس کا شریک کار تھا۔ یاد رہے کہ صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھو کھر کو شادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی روانگی سے چند لمحوں بعد ہی قتل کر دیا گیا تھا ، اس واقعہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی سکیورٹی پر بھی سنگین سوالات اٹھا دئیے ہیں۔