یوم عاشور منگل کو نہایت عقیدت واحترام کیساتھ منایا جائیگا
07:03 AM, 8 Aug, 2022
شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور منگل کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا۔ ملک بھر میں مجالس عزاء منعقد ہوں گی جبکہ علم، تعزیے اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔ شام کو مجالس شام غریباں برپا ہوں گی۔ نواسہ رسول ﷺ، جگر گوشہ بتول، حضرت امام حسین علیہ اسلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 10 محرم الحرام، 9 اگست منگل کو ملک بھر کے طول وعرض میں مجالس عزاء،علم وتعزیہ اور ذوالجناح کے ہزاروں جلوس برآمد ہوں گے جس میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار شامل ہو کر ماتم داری اور نوحہ خوانی کرکے اپنا پرسہ پیش کریں گے۔ ملک بھر میں منعقدہ مجالس عزاء میں علمائے کرام اور ذاکرین فلسفہ شہادت بیان کرتے ہوئے حضرت امام حسین علیہ اسلام اور ان کے رفقاء کی دین اسلام کی سربلندی کیلئے کربلا کے تپتے ریگزار میں پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ مجالس عزاء کے اختتام پر شبیہہ علم وذوالجناح اور تعزیے کے بڑے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر شام کو واپس آستانوں پر اختتام پذیر ہوں گے جہاں پر مجالس شام غریباں بپا ہوں گی۔ اس موقع پر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ حکومت کی جانب سے 9 اور 10 محرم الحرام کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی اور امن وامان کیلئے مختلف شہروں میں پاک فوج اور رینجرز کے دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں ایمر جنسی کا نفاذ کرکے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔