بیٹی کی شادی میں غیر حاضری، شمعون کی غصے سے بھری ذو معنی پوسٹ کا اسکرین شاٹ وائرل

04:37 PM, 8 Aug, 2023

احمد علی
پاکستان کے مشہور اداکار ، ہدایتکار اور اسکرین رائٹر شمعون عباسی نے فیس بک پر غصے سے بھری ایک ذو معنی پوسٹ شیئر کی، بعدازاں اداکار نے پوسٹ کو حذف کردیا لیکن اس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔ حال ہی میں شمعون عباسی اور ان کی سابقہ اہلیہ جویریہ عباسی کی بیٹی عنزیلہ کی شادی ہوئی جس کی تصاویر سامنے آئیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے شمعون کی پوسٹس سمیت دیگر پوسٹ پر تبصرے کیے اور اداکار سے سوالات بھی کیے کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی میں شریک کیوں نہیں گئے؟ اسی قسم کے متعدد تبصرے مداحوں کی جانب سے کیے گئے جس پر اداکار نے براہِ راست تو کوئی جواب نہیں دیا۔ البتہ گذشتہ شب ایک متنازع پوسٹ ضرور شیئر کی گئی جس سے متعلق قیاس آرائیاں ہیں کہ یہ پوسٹ شمعون عباسی نے اپنی بیٹی اور سابقہ اہلیہ کے لیے کی ہے۔ اداکار نے حذف شدہ پوسٹ میں بغیر کسی کا نام لیے لکھا کہ 'چند بے شرم لوگوں سے اپنے تعلقات توڑنے کی یاد دہانی کروا رہا ہوں، میں نہ کبھی ایسے بے حیا اور بے شرم لوگوں سے کوئی تعلق رکھنا چاہتا تھا اور نہ ہی کبھی ایسا کروں گا'۔ انہوں نے غصے سے بھرپور اس پوسٹ میں مزید لکھا کہ 'مجھے فرق نہیں پڑتا کہ میرا ان سے کیا تعلق ہے مگر میری مرضی ایسے افراد سے دوری اختیار کرنے میں ہی ہے، کچھ باطنی زخم آپ کی روح کو تکلیف پہنچانے سے بچا لیتے ہیں، اللّٰہ اکبر'۔ یہ پوسٹ اب شمعون عباسی کے فیس بک اکاؤنٹ پر موجود نہیں ہے۔ پوسٹ کے اسکرین شاٹس وائرل ہوئے تو صارفین کی جانب سے شمعون عباسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
مزیدخبریں