غریب کو مہنگی بجلی اور مہنگائی سے فوری آزاد نہیں کرسکتے، وزیراعظم

01:14 PM, 8 Aug, 2024

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب آدمی مہنگائی میں پس گیا ہے لیکن غریب کو مہنگائی اور مہنگی بجلی سے فوری آزاد نہیں کرسکتے۔

پاکستان چین فرینڈ شپ سینٹر میں قومی علما و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے، علما مشائخ کانفرنس میں ملک بھر سے تمام مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کانفرنس کے مہمان خصوصی ہیں جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر گیسٹ آف آنر ہیں۔

اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سپہ سالار کی پرجوش، ایمان افروز اور دلوں کو گرما دینے والی تقریر کے بعد مزید کسی اضافے کی ضرورت نہیں کہ انہوں نے قرآن کریم اور احادیث کی روشنی میں جامع گفتگو کی، وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، علمائے کرام کی رہنمائی پر چلنے والا انسان ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپہ سالار نے جو آج گفتگو کی، وہ اسی کی عکاسی ہے، اسی کا بتایا ہوا راستہ ہے جو دنیا کا خالق و مالک ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک کے لیے قائداعظم کی قیادت میں تحریک چلائی گئی، 14 اگست کو 77 واں یوم آزادی ہم بھرپور جوش و خروش سے منائیں گے، لاکھوں اور کروڑوں لوگوں نے جان کی قربانی دی، اس ملک کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے بہت قربانیاں دیں، ہمیں آج جتنا متحد ہونے کی ضرورت ہے پہلے نہ تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو آج سنگین معاشی حالات درپیش ہیں، جتنا تعاون سیاسی حکومت اور آئینی اداروں میں آج ہے پہلے کبھی نہیں تھا، آج کسی سیاسی حکومت کا ذکر نہیں کروں گا، بدقسمتی سے ہم وہ مقام حاصل نہ کرسکے جو حاصل کرنا چاہیئے تھا، 2018 کے بعد عوامی خدمت کی کوئی پذیرائی نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ملک کے لیے عظیم قربانیاں دی، سوشل میڈیا پرگالم گلوچ کا بازار گرم ہے، فوج اور پولیس افسران نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور گالیوں کا طوفان ہے، ملک میں تقسیم در تقسیم کی جارہی ہے، ملک میں تقسیم کے خاتمے کے لیے علما سے زیادہ معتبر کوئی آواز نہیں، 9 مئی سے زیادہ دلخراش واقعہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، علما سے لائق طبقہ کوئی نہیں جو امن کا پیغام لے کر چلے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج یہ سیاسی حکومت جس لائق بھی ہے، ہماری دن رات، بھرپور کوشش ہے کہ ملک کی معاشی مشکلات سے جان چھڑائی جا سکے، خدا کرے کہ آئندہ کا آئی ایم ایف پروگرام آخری ثابت ہو لیکن عام آدمی، غریب آدمی پچھلے کئی سال میں مہنگائی میں پس گیا ہے لیکن غریب کو مہنگائی اور مہنگی بجلی سے فوری آزاد نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے ترقیاتی کاموں سے کاٹ کر 200 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے 50 ارب روپے رکھے، لیکن 200 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر بھی بہت بڑا بوجھ ہے، اس سلسلے میں پوری اتحادی حکومت اور سپہ سالار کی مشاورت ہو رہی ہے کہ یہ سب کافی نہیں ہے، اس کے لیے جامع منصوبہ بنایا جا رہا ہے، کل بھی صدر مملکت سے اس معاملے پر بات ہوئی، سپہ سالار خود اس سلسلے میں ہونے والی مشاورت میں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اور کل میں یہ فرق ہے کہ اب مکمل مشاورت ہے تاکہ ملک آگے چلے، پوری امید ہے کہ اس معاملے میں غریب آدمی کو مکمل طور پر مہنگائی، بجلی کی قیمت کے بوجھ سے تو شاید ابھی فی الفور آزاد نہ کیا جاسکے لیکن اس میں مزید کمی لانے کے لیے دن رات کاوشیں ہو رہی ہیں۔

مزیدخبریں