دبئی: سرکاری اداروں میں  ہفتے میں 3 چھٹیاں

03:37 PM, 8 Aug, 2024

(ویب ڈیسک ) دبئی حکومت نے 12 اگست سے 30 ستمبر تک 15 سرکاری اداروں کے لیے کام کا وقت کم کرنے اور جمعے کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔

یہ ایک پائلٹ پروگرام کا حصہ ہے، جسے دبئی حکومت کا انسانی وسائل کا شعبہ شروع کر رہا ہے، جس کا مقصد ملازمین کی کارکردگی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

جن سرکاری اداروں کو اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے، وہاں جمعے کو کام نہیں ہو گا ور بقیہ چار دنوں میں روزانہ کے کام کے اوقات بھی سات گھنٹے ہوں گے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رپورٹ کیا کہ سٹاف سے موسم گرما کے کام کے اوقات کے بارے میں ایک سروے فارم بھرنے کو کہا گیا تھا، جس میں اگست اور ستمبر میں دفاتر میں کام کے اوقات کم کرنے کی تجاویز کو بہت زیادہ حمایت ملی۔

انسانی وسائل کا شعبہ مشاہدات اور رائے کا جائزہ لے گا تاکہ اس بات پر حتمی سفارشات پیش کی جا سکیں کہ آیا اس پائلٹ سکیم کو مستقبل کے موسم گرما کے لیے ایک طویل مدتی پالیسی بنایا جائے یا نہیں۔

شارجہ میں  تجربہ کامیاب 

شارجہ نے 2022 میں ہفتہ وار چار روز کام کا منصوبہ متعارف کروایا تھا اور اس کے بعد متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اسی سال جنوری میں ہفتے میں ساڑھے چار دن کام کر دیا تھا۔

سب سے پہلے کس ملک نے ٹرینڈ متعارف کرایا؟

ہفتے میں چار دن کام کا سب سے بڑا تجربہ 2022 میں برطانیہ میں ہوا۔ بعد میں، اس منصوبے میں شامل 61 کمپنیوں میں سے اکثر نے پالیسی کو جاری رکھنے کا وعدہ کیا، جبکہ ایک تہائی نے کہا کہ وہ مستقل طور پر نیا ماڈل استعمال کر رہے ہیں۔

کوئی بھی دو چھٹیوں کے حق میں نہیں

ٹرائل میں شریک 2900 افراد میں سے کوئی بھی ہفتے میں پانچ دن کام والے ماڈل پر واپس نہیں جانا چاہتا تھا اور اس میں شریک تمام کمپنیوں نے اطلاع دی کہ ان کے ملازمین کا ذہنی تناؤ کم اور صحت بہتر تھی۔

مزیدخبریں