محکمہ صحت پنجاب کی کارکردگی کا پول کھل گیا، قیمتی ادویات بارش کی نذر کردیں

07:36 PM, 8 Aug, 2024

ویب ڈیسک: محکمہ صحت پنجاب لاہور کی نااہلی کی ایک اور مثال سامنے آگئی ہے،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور کی ناقص کارکردگی، لاکھوں کی ادویات بارش میں ضائع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق عدم توجہی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی ادویات بارش کی نذر ہوگئیں،یکم اگست کی بارش نے ہسپتالوں کے ساتھ سی ای او آفس میں ادویات بھی ڈبو دیں تھیں،پبلک نیوز نے پانی میں بھیگی ہوئی ادویات کی تصاویر حاصل کرلیں۔

ادویات دفتر کے مین گیٹ کے ساتھ برآمدہ میں پڑی ہوئی تھیں ، بارش شروع ہونے کے باوجود مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے،اس غفلت کے نتیجے میں حکومت پنجاب کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

 پانی سے بھیگی ادویات کو رورل ہیلتھ سنٹر اعوان ڈھائے والا اور واہگہ بارڈر کے قریب موجود ڈسپنسریوں میں منتقل کر دیا گیا،  قیمتی میڈیسن سی ای او آفس  پڑی ضائع ہو رہی تھیں مگر مریضوں تک نہیں پہنچ رہی تھیں۔

سی ای او ہیلتھ لاہور  ڈاکٹر ذوہیب حسن کا کہناتھا  یہ کوئی پرانی تصاویر  لگتی ہیں جس میں سیلاب کی نمی دکھائی دے رہی ہے،میرے ایک ماہ کے دوران ایسی کوئی ادویات پانی میں نہیں ڈوبی۔ 

مزیدخبریں