ہیلی کاپٹر حادثہ: جنرل بپن راوت بھی ہلاک ہوگئے

12:51 PM, 8 Dec, 2021

احمد علی

نئی دہلی: ہندوستانی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر بدھ کی سہ پہر تامل ناڈو کے کنور میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت تمام 14 افراد کی موت ہو گئی ہے۔

چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت آئی اے ایف ایم آئی 17 وی ایچ ہیلی کاپٹر میں بدھ کی سہ پہر تقریباً 3 بجے ایک طے شدہ لیکچر دینے کے لیے کنور ضلع کے ویلنگٹن کے ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج جارہے تھے۔ ہیلی کاپٹر نے سلور ایئربیس سے اڑان بھری تھی اور وہ ویلنگٹن جا رہا تھا۔ اس دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ فوج نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ہیلی کاپٹر میں دیگر افراد بریگیڈیئر ایل ایس تھے۔ لیفٹیننٹ کرنل ہرجیندر سنگھ، نائک گرسیوک سنگھ، نائیک جتیندر کمار، نائیک وویک کمار، نائیک بی۔ سائی تیجا، حوالدار ستپال اور پائلٹ شامل تھے۔وزیر دفاع نے حادثے کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مکمل معلومات فراہم کر دی ہیں، جب کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کل (جمعرات) پارلیمنٹ میں اس حادثے کے بارے میں بیان دیں گے۔ فضائیہ نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ آئی اے ایف کا ایم آئی 17 وی ایچ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

دوسری طرف، مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے بدھ کے روز کہا کہ تامل ناڈو کے کنور میں ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق معلومات متعلقہ وزارت مناسب وقت پر شیئر کرے گی۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کی مسلح افواج کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔
مزیدخبریں