سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو حکومت کی اولین ترجیح ہے'
01:39 PM, 8 Dec, 2022
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی، دوبارہ آباد کاری اور تعمیرنو حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر کئے گئے رہائشی یونٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے متاثرین کو چھت فراہم کی جا رہی ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے ٹانک کے سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی خوش آئند ہے، سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچائی، تقریباً 20 لاکھ گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے، زراعت، بجلی و مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مالی تعاون اور معاونت انتہائی قابل تحسین ہے، متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کیلئے کیپٹن (ر) شجاعت عظیم اور ان کی ٹیم اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب کے دوران این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے بہترین کام کیا، سندھ میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا، پنجاب اور بلوچستان کے کچھ اضلاع بھی سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں، چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ نے متاثرین کی مدد کیلئے مل کر کام کیا ہے، ہمارے وسائل انتہائی محدود تھے، سیلاب متاثرین کی مدد پر دوست ملکوں کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہوائی و بحری جہازوں اور ٹرینوں کے ذریعے امدادی سامان سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پہنچایا، پینے کے پانی کے پلانٹس دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور دیگر ممالک نے پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر شازیہ مری کی سربراہی میں بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین میں 70 ارب روپے تقسیم کئے، وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان اور ان کی وزارت نے بجلی کی بحالی کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کیلے متعلقہ اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، تینوں مسلح افواج کے دستوں نے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہوئے پاک فوج کے افسران شہید ہوئے، یہ عظیم قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حبیب بینک کے چیئرمین سلطان علی الانہ نے بھی دو دیہات تعمیر کرنے کی پیشکش کی ہے، ایک گائوں سندھ اور ایک بلوچستان میں تعمیر کیا جائے گا اور ان پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران دوست ممالک کے ساتھ ساتھ این جی اوز، کاروباری افراد، تاجروں اور مخیر لوگوں نے دن رات کام کیا ہے، مخیر حضرات کو گھروں کی تعمیر کے عمل میں بھرپور حصہ لینا چاہئے، اگر وہ سو، سو گھروں کی تعمیر اپنے ذمہ لے لیں تو دنوں میں ہزاروں گھر تعمیر ہو جائیں گے، دوست ممالک، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، کاروباری افراد اور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ گھروں کی تعمیر میں تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں پانچ ارب روپے جمع ہو چکے ہیں، ہم انہیں بڑھا کر 10 ارب روپے تک لے جانا چاہتے ہیں جس کے بعد فنڈ میں جمع ہونے والی رقم خرچ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔