رمضان المبارک کی آمد آمد، عیدالفطر پر کتنی چھٹیاں ہونگی؟

04:02 AM, 8 Feb, 2022

Rana Shahzad
لاہور: (ویب ڈیسک) سعودی عرب سمیت پورے مشرق وسطٰیٰ میں 2 اپریل سے رمضان المبارک شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ فرزندان اسلام نے ابھی سے اس ماہ مقدس کے فیوض وبرکات سمیٹنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پاکستان میں بھی مسلمانوں کو اس ماہ مقدس کا بے صبری سے انتظار ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری سرکاری کلینڈر کے مطابق 3 اپریل کو ملک میں پہلا روز ہوگا۔ اگر اس کیلنڈر کی مناسبت سے دیکھا جائے تو رواں سال 30 روزے مکمل ہونے کا قوی امکان ہے۔ سرکاری کلینڈر کے مطابق یکم شوال 3 مئی بروز منگل ہوگی۔ یوں عید پر منگل، بدھ اور جمعرات تک صرف 3 چھٹیاں ہی شاید دی جائیں۔ تاہم حتمی فیصلہ حکومت چاند کی تاریخوں کو دیکھ کر ہی کرے گی۔ دوسری جانب رواں سال یو اے ای میں عیدالفطر کی 4 یا 5 چھٹیاں یقینی طور پر میسر آئیں گی۔ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں اس بار رمضان المبارک کا آغاز متوقع طور پر دو اپریل سے ہوگا۔ اسلامی مہینے 29 یا 30 دنوں کے ہوتے ہیں۔ فلکیاتی اندازے کے مطابق اس سال رمضان متوقع طور پر 30 دن کا ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ امارات میں 2 مئی کو عیدالفطر کا پہلا دن ہوگا۔ اگر اس سال رمضان المبارک 29 دنوں کا ہوتا ہے تو یو اے ای میں چار دنوں کی چھٹیاں ملیں گی اور اگر رمضان کا مہینہ 30 روزوں پر محیط ہوتا ہے تو انہیں 5 دنوں کی چھٹیاں ملیں گی۔ اگر رمضان کا مہینہ واقعی 30 دنوں کا ہوا تو امارات میں ہفتہ 30 اپریل سے بدھ 4 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیاں دی جائیں گی۔ خیال رہے کہ فرزندان اسلام ان دنوں ماہ رجب المرجب کے فیوض وبرکات سمیٹ رہے ہیں لیکن ابھی سے ان کے دل میں یہ انتظار پیدا ہو چکا ہے کہ رمضان کا بابرکت مہینہ کب سے شروع ہوگا اس سلسلے میں سعودی عرب کے مشہور ماہر فلکیات نے انھیں خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ بروز ہفتہ مورخہ 2 اپریل کو ہوگا۔ قصیم یونیورسٹی کے شعبہ فلکیات کے سابق استاد ڈاکٹر عبداللہ المسند نے اپنی پیشگوئی میں کہا کہ فلکیاتی مطالعے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رواں سال شعبان کا مہینہ 29 دن جبکہ رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پر مشتمل ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شعبان کی 29 تاریخ بمطابق یکم اپریل کی صبح 9 بج کر 24 منٹ پر چاند کی ولادت ہوگی جبکہ اسی شام کو مکہ مکرمہ کے مغربی افق پر ہلال کی ولادت ہوگی جو 16 منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔ ڈاکٹر المسند کا کہنا تھا کہ تاہم چاند کا دکھائی دینا موسم پر مشروط ہے۔ اگر فضا ابر آلود یا غبار آلود ہوگی تو چاند دیکھنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلکیات کے مطالعے سے یہ بات بھی کہی جا سکتی ہے کہ رمضان المبارک تیس دن کا ہوگا جبکہ عید الفطرکا چاند یکم مئی کی شام کو دکھائی دے گا جس کے حساب سے عیدالفطر دو مئی کو ہوگی۔
مزیدخبریں