پاک چین دوستی ہر مشکل میں توقعات پر پوری اتری

08:35 AM, 8 Feb, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر مشکل میں توقعات پر پوری اتری۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ مضبوط دوستی خطے میں استحکام کی ضمانت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ بات چینی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک منفرد دوستی کا رشتہ ہے جو ہمیشہ مشکلات میں توقعات پر پورا اتری۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مضبوط اور مستحکم تعلق کی وجہ سے پورے خطے میں امن قائم ہے۔ خطے میں تمام سیاسی اختلافات مذاکرات سے حل ہونے چاہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دورہ چین کے دوران وہاں کی اہم کمپنیوں کیساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔ آئی ٹی ، صنعت اور زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پاکستان کی ضروریات پورا کرنے کیلئے غذائی تحفظ بہت ضروری ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم تنازع ہے، توقع ہے ہم اس مسئلے کو بات چیت سے حل کرلیں گے، ہمیں اپنے اختلافات سیاسی بات چیت سے حل کرنے چاہئیں۔ عمران خان کا چینی میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔ اس کا پہلا مرحلہ توانائی منصوبوں اور مواصلاتی رابطوں پر مشتمل تھا۔ افغان صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان کو ایک سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے۔ اس کا بیشتر انحصار غیر ملکی امداد پر ہے۔ افغان عوام نے گذشتہ چالیس برس جنگ کے سوائے اور کچھ نہیں دیکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلی بار افغانستان میں امن کو ایک موقع ملا لیکن عالمی دنیا نے اس کے اثاثے منجمد کر دیئے۔ اس وجہ سے وہاں قحط، بھوک اور غربت کا شدید خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی امداد منجمد ہونے سے افغان حکومت کو بھی شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سب کو چاہیے کہ وہ افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آئیں۔
مزیدخبریں