ویب ڈیسک: انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ موبائل سروس کی بندش کے فیصلے کو سیکیورٹی کے تناظر میں دیکھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ ووٹرز سےانتظامات پر بات چیت بھی کی۔
پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے نگران وزیراعظم کو بریف کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق نے کہا کہ انتخابات ابھی تک پرامن ہیں ، کوشش کریں شہری اپنا حق استعمال کریں۔
موبائل سروس بند ہونے کے حوالے سے صحافی کے سوال پر نگران وزیراعظم نے جواب دیتے ہوئےکہا کہ موبائل سروس بند ہونے سے جو مشکلات ہیں اس کا اندازہ ہے، موبائل سروس کی بندش کو سیکیورٹی کے تناظر میں دیکھا جائے۔
الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کا کہنا تھا کہ ٹرن آوٹ کے حوالے سے کوئی بھی بات کرنا قبل ازقت ہوگا۔