مری صورت حال: پاک آرمی کی 111 بریگیڈ بھی میدان میں آگئی

09:52 AM, 8 Jan, 2022

Rana Shahzad

پاکستان کے مشہور سیاحتی مقام مری میں شدید برف باری اور ٹریفک کی روانی معطل ہونے سے کئی سیاح اب بھی اس مقام پر پھنسے ہوئے ہیں۔ حکومت نے فوج کو شہریوں کی مدد کے لیے طلب کر لیا ہے جس نے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں.

آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو اور ریلیف کی کوششیں جاری ہیں، آرمی انجینئرز کے دستوں نے جھیکا گلی - گھڑیال روڈ کو کھول دیا ہے۔ آرمی انجینئرز کے دستے جھیکا گلی - روڈ کلڈانہ کو کھولنے میں مصروف ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اروڈ جھیکا گلی - کلڈانہ جلد ہی کھلنے کا امکان ہے ، ایف ڈبلیو او کے ڈوزر ایکسپریس وے روڈ کھولنے پر کام کر رہے ہیں۔ پھنسے ہوئے لوگوں کو پناہ اور خوراک کے لیے اے پی ایس کلڈانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ مظفرآباد سے ڈوزر منتقل کر دیے گئے ہیں۔ 111 بریگیڈ کے دستے بہارہ کہو میں سڑک کھول رہے ہیں اور ضروری اشیائے خوردونوش فراہم کر رہے ہیں.

دوسری جانب مریم نواز کا اپنےٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ مری میں بے یارو مددگار برف میں دھنسے رہنے والے پورے کے پورے خاندانوں کی موت کے دردناک واقعہ نے دل ہلا کے رکھ دیا ہے۔حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ مردہ ضمیر حکومت بہت پہلے مر چکی ہے۔ اللّہ تعالی مرحومین اور انکے لواحقین اور پاکستان پر اپناخصوصی رحم فرمائے۔

ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کا کام صرف سیاح گننا نہیں بلکہ ان کے لیے پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ شہباز شریف کے بوٹوں اور خدمت کا مذاق اُڑانے والا اپنے محل میں بیٹھا اپنی گرتی ہوئی حکومت بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ یہ اموات برفباری سے نہیں، حکومتی غفلت سے ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ مری کو شدید برفباری اور سیاحوں کے پھنسے ہونے سے خراب صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور پاک فوج طلب کرلی گئی ہے، مری میں اب تک 21 اموات ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں