ویڈیو کا معاملہ، طیبہ گل کا عمران خان پر بڑا الزام
04:21 AM, 8 Jul, 2022
قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال پر ہراسانی کے الزام لگانے والی خاتون طیبہ گل نے اب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر بھی بڑے الزامات عائد کر دیئے ہیں۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں طیبہ گل نے انتہائی سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو جب معاملے کا علم ہوا تو مجھ سے ویڈیوز حاصل کی گئیں، مجھے انصاف کی فراہمی کا یقین دلایا گیا لیکن کچھ نہ ہوا۔ خاتون طیبہ گل نے الزام عائد کیا کہ ویڈیوز حاصل کرکے مجھے اور میرے شوہر کو 45 دن تک وزیراعظم ہائوس میں رکھا گیا تھا۔ ہمیں کہا گیا کہ آپ کو انصاف ملے گا لیکن اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں گئی بلکہ الٹا نیب میں درج اپنے مقدمات کو ختم کرایا گیا۔ طیبہ گل کا کہنا تھا کہ میں نے سابق چیئرمین نیب کی ویڈیوز اس لئے بنائیں کیونکہ وہ مجھے بے جا تنگ کرتے تھے۔ مجھے بار بار فون کیا جاتا لیکن میں نے ان کو ایسا کرنے سے منع کیا تو مجھے گرفتار کروا دیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے طیبہ گل کا کہنا تھا کہ اگر میں کسی میڈیا ادارے کو یہ ویڈیوز دینا چاہتی تو دے سکتی تھی لیکن میں نے ایسا نہیں کیا بلکہ سٹیزن پورٹل کا سہارا لیا تاکہ حکام تک میری بات پہنچے اور مجھے انصاف مل سکے۔ اس کا کہنا تھا کہ میں جنسی طور پر ہراساں ہونے کی شکایت سٹیزن پورٹل پر درج کرائی تو سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان سے مجھ سے رابطہ کرکے ملاقات کی اور ویڈیوز کو حاصل کر لیا۔ لیکن مجھے سے پوچھے بغیر ان کو ٹی وی پر چلا دیا گیا۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ انہوں یہ تمام باتیں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سامنے بھی بیان کر دی ہیں۔ میرے تمام الزامات میں صداقت ہے لیکن اگر اس کے باوجود اب بھی کسی کو شک ہے تو جو میری ویڈیوز اور آڈیوز ہیں ان کا فارانزک کرا لیا جائے۔