ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی شرکت، وزیراعظم نے ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دیدی

03:32 PM, 8 Jul, 2023

احمد علی
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے سے متعلق فیصلے کے لئے ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، جس کی سربراہی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم شرکت کرے گا یا نہیں ؟ کمیٹی اس حوالے سے بھارت میں ورلڈ کپ سے متعلق تمام امور پر سفارشارت مرتب کر کے وزیراعظم کو بھجوائے گی جو کہ پی سی بی کے پیٹرن ان چیف ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کمیٹی کے سربراہ ہیں جب کہ اس کے دیگر ارکان میں مریم اورنگزیب، احسان مزاری،وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ، امین الحق ، اعظم نذیر تارڑ اور اسعد محمود شامل ہیں۔ اس کے علاوہ طارق فاطمی اور قمرزمان کائرہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، قومی سلامتی اداروں کے سربراہان اور سیکرٹری خارجہ کو بھی اس ہائی پروفائل کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کی شرکت سے متعلق سفارشارت مرتب کیے جانے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ اس بڑے ایونٹ میں کھیلا جائے گا بھی یا نہیں۔ خیال رہے کہ 5 اکتوبر سے کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز بھارت میں ہو رہا ہے، اس بڑے ایونٹ کا بڑا ٹاکرا پاک بھارت کے درمیان 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔
مزیدخبریں